راولپنڈی/کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کرتے ہوئے پانچ مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دشت سیاہ پشت میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے ٹارگٹڈ کارروائی کی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن دشوار گزار اور پہاڑی علاقے میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ ٹھکانوں کا محاصرہ کرکے مؤثر کارروائی کی اور علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا۔ ترجمان کے مطابق کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، جبکہ ہلاک افراد کی شناخت، ممکنہ اسلحہ اور دیگر تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔
