کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوشش بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے تقدس کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا نہ صرف غیر قانونی بلکہ جنوبی ایشیا کے امن، استحکام اور انسانی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی طور پر پابند معاہدہ ہے جسے کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر معطل یا منسوخ نہیں کر سکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کی زراعت، معیشت اور عوام کی زندگی کی بنیاد ہے، اس لیے اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی، سفارتی اور آئینی فورم پر مؤثر انداز میں اپنا مؤقف پیش کرتا رہے گا اور عالمی برادری کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی ہر کوشش کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
