تازہ ترین ۱ جولائی ۲۰۲۶

جامعہ بلوچستان میں بزنس انکیوبیشن سینٹر کے زیر اہتمام اسٹارٹ اپ چیلنج کپ اور گریجویشن تقریب کا انعقادکیاگیا.

چمن( سید سردار محمد خوندئی )
جامعہ بلوچستان کے بزنس انکیوبیشن سینٹر کے زیر اہتمام اسٹارٹ اپ چیلنج کپ سیڈ گرانٹ مقابلہ اور بزنس انکیوبیشن پروگرام کوہورٹ – اگست 2025 تا جون 2026کی گریجویشن تقریب کامیابی سے منعقد ہوئی۔

تقریب میں انکیوبیشن پروگرام مکمل کرنے والے اسٹارٹ اپس نے اپنے کاروباری منصوبے جیوری کے سامنے پیش کیے، جن کا جائزہ جدت، کاروباری استعداد، مارکیٹ کی صلاحیت اور مالی پائیداری کی بنیاد پر لیا گیا۔ جیوری میں بینک اسلامی، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، ویمن چیمبر آف کامرس، آرٹیزن ایسوسی ایشن آف پاکستان اور جامعہ بلوچستان کے نمائندے شامل تھے۔

تقریب میں انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر کنیز فاطمہ، کوہورٹ کے مینٹرز بابر درانی اور محمد احمد نے بھی شرکت کی۔ بزنس انکیوبیشن سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرقان الحق صدیقی نے مرکز کی کارکردگی، کامیابیوں اور نوجوان کاروباری افراد کی سرپرستی کے عزم پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر ، پروفیسر ڈاکٹر سید مزمل بخاری نے کامیاب اسٹارٹ اپس کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں کاروبار کو وسعت دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی تلقین کی۔

اس موقع پر جیوری اراکین، اورجامعہ بلوچستان کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر محمد صادق سمالانی، رپورٹر عروبہ شہزاد، رضاکاروں اور بزنس انکیوبیشن سینٹر کے عملے کو تعریفی شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ کوہورٹ مکمل کرنے والے تمام اسٹارٹ اپس میں گریجویشن سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

سیڈ گرانٹ مقابلے میں رائزن بلس نے پہلی، مونٹولی ٹوکس نے دوسری جبکہ زارلکس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کامیاب ٹیموں کو بالترتیب دو لاکھ، ایک لاکھ ساٹھ ہزار اور ایک لاکھ چالیس ہزار روپے کی سیڈ گرانٹس کے ساتھ گولڈ، سلور اور برونز ٹرافیاں بھی دی گئیں۔