پاکستان ۳۰ جون ۲۰۲۶

مولانا کی ثالثی کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے، حکومت کو تجویز دی ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (ویب نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کو تجویز دی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے، کیونکہ جب بھی مشکلات پیش آئیں، مولانا کے سیاسی تجربے سے رہنمائی حاصل کی گئی۔ اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام سیاسی قوتیں چاہتی ہیں کہ آزاد کشمیر کا بحران مذاکرات کے ذریعے حل ہو اور وہاں کے انتخابات صاف، شفاف اور غیر متنازع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بھی کشمیر کی صورتحال پر بات ہوئی ہے اور پیپلز پارٹی و جے یو آئی دونوں کو عوامی تحریکیں چلانے اور سیاسی مسائل کے حل کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزاد کشمیر ایکشن کمیٹی نے انہیں ثالثی کی درخواست کی ہے، جبکہ بلاول بھٹو نے بھی پارلیمنٹ میں ان کی ثالثی کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بھی اس حوالے سے پیغام پہنچایا جا رہا ہے اور امید ہے کہ حکومت مثبت پیش رفت کرے گی، جبکہ 12 نشستوں سے متعلق معاملہ بھی مذاکرات کی میز پر طے کیا جا سکتا ہے۔