کوئٹہ (ویب نیوز): اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی کو نئے مالی سال کے آغاز اور سالانہ حسابات کی تکمیل کے سلسلے میں ملک بھر کے تمام بینک، ترقیاتی مالیاتی ادارے (DFIs) اور مائیکروفنانس بینک عوامی مالی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔ اس دوران بینکوں کا دفتری عملہ معمول کے مطابق اندرونی امور، حسابات کی جانچ اور مالی ریکارڈ کی تکمیل میں مصروف رہے گا، تاہم صارفین کے لیے برانچوں میں کوئی بینکاری سروس دستیاب نہیں ہوگی۔ اسٹیٹ بینک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ضروری مالی معاملات یکم جولائی سے قبل مکمل کر لیں، جبکہ اے ٹی ایم، موبائل بینکنگ، آن لائن اور انٹرنیٹ بینکنگ سمیت ڈیجیٹل خدمات معمول کے مطابق فعال رہیں گی۔ اعلامیے کے مطابق تمام بینک 2 جولائی سے دوبارہ معمول کے مطابق عوام کے لیے کھل جائیں گے۔
