تازہ ترین ۲۸ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ سے اے ایس ایف انسپکٹر اور ان کے دوست کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج، پولیس کی تلاش جاری

کوئٹہ (ویب نیوز) ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے انسپکٹر اور ان کے ایک دوست کو کوئٹہ سے مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مغوی انسپکٹر کی شناخت زبیر احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف میں تعینات تھے اور چھٹی پر اپنے آبائی شہر کوئٹہ آئے ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زبیر احمد دو روز قبل اپنے ایک دوست کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر سے نکلے تھے، جس کے بعد دونوں لاپتا ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں افراد کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا ہے۔ پولیس نے مغوی انسپکٹر کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن اور دیگر قانونی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق شواہد کی روشنی میں ذمہ دار عناصر تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔