تازہ ترین ۲۸ جون ۲۰۲۶

موسیٰ خیل میں زلزلے سے 125 مکانات متاثر، 19 افراد زخمی، امدادی سرگرمیاں جاری پی ڈی ایم اے

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان میں حالیہ زلزلے کے بعد پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ضلع موسیٰ خیل میں زلزلے کے باعث 125 مکانات متاثر ہوئے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تحصیل کنگری کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں، زخمیوں کے علاج کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں میں خیمے، بستر اور دیگر ضروری امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ سولر لائٹس، گیس سلنڈر، چٹائیاں اور مچھر دانیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں جبکہ نقصانات کے مکمل تخمینے کے لیے تفصیلی سروے بھی جاری ہے۔ دوسری جانب ماہرین کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں درمیانے درجے کے چھ زلزلے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ زلزلے زیرِ زمین ٹیکٹونک پلیٹس کی مسلسل حرکت کا نتیجہ ہیں، جبکہ دنیا کے دیگر حصوں، خصوصاً وینزویلا میں آنے والے بڑے زلزلوں سے پیدا ہونے والی زیرِ زمین توانائی کی لہریں بھی دور دراز علاقوں کی پلیٹس پر اثرانداز ہو سکتی ہیں۔