کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے ممتاز تاجر، سماجی شخصیت اور کابل جان ہوٹل کے مالک شہید ہاشم خان نورزئی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امن و امان کی ابتر صورتحال کا مظہر قرار دیا ہے۔ انہوں نے شہید کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ صوبے میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات باعث تشویش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آتی ہے، اس لیے واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
