تازہ ترین ۲۸ جون ۲۰۲۶

وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو کا کوئٹہ سے کراچی جانے والی فیملی پر حملے کا سخت نوٹس

کوئٹہ (ویب نیوز) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک فیملی پر حملے کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے، جبکہ معصوم بچوں کے سامنے ان کے والد کو شہید کرنا کسی بھی صورت بہادری یا جرات مندی نہیں۔ وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ حملے میں زخمی ہونے والی خاتون کو کراچی میں بہترین طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ مہمانوں کو اس طرح نشانہ بنانا بلوچستان کی روایات، اقدار اور مہمان نوازی کے منافی ہے، اور حکومت واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔