تازہ ترین ۲۸ جون ۲۰۲۶

آبنائے ہرمز آئندہ 30 روز تک ایران کی نگرانی میں رہے گی، عباس عراقچی

کوئٹہ (ویب نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز آئندہ 30 روز تک مکمل طور پر ایران کی نگرانی میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حملوں کے باعث آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی مکمل بحالی میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں اور کسی بھی دوسرے فریق کی مداخلت صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ جنگ پورے خطے کے لیے نقصان دہ ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا لبنان سے انخلا اور وہاں حملوں کا خاتمہ امریکا کے ساتھ عبوری معاہدے کا لازمی حصہ ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے ایران پر حملوں کی مذمت کرنے پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے کہا کہ عراق اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور دیرینہ تعلقات موجود ہیں، دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف علاقائی امور، خصوصاً آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب جنگ بندی جبکہ دوسری جانب آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی خطے کے لیے تشویش کا باعث ہے، آبنائے ہرمز کی بندش سے عراق کی مالی اور معاشی صورتحال متاثر ہوئی جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے دوران عراق کو بھی متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔