تازہ ترین ۲۸ جون ۲۰۲۶

بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار، سبی اور جھل مگسی میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا

کوئٹہ (ویب نیوز): بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، جہاں کوئٹہ میں درجہ حرارت 40 جبکہ سبی اور جھل مگسی میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بولان، لسبیلہ، تربت، جعفر آباد، حب، گوادر، پنجگور، چمن، ژوب اور دیگر علاقوں میں بھی معمول سے زیادہ گرمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین نے زیرِ زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی کو گرمی کی شدت کی اہم وجہ قرار دیتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 10 روز تک شدید گرمی برقرار رہے گی۔ شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بڑھتی گرمی کے باعث بجلی کی طلب اور پانی کی قلت میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔