تازہ ترین ۲۴ جون ۲۰۲۶

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، آسٹریلیا نے پاکستان کو 113 رنز سے شکست دے دی

لیڈز (ویب نیوز) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ برقرار رہا اور اسے مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، جس میں تجربہ کار بیٹر ایلیسے پیری نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال، رامین شمیم اور نشرا سندھو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور منیبہ علی کے 32 رنز کے سوا کوئی بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکی۔ پوری ٹیم 13.4 اوورز میں صرف 86 رنز پر آؤٹ ہوگئی، یوں آسٹریلیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 113 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے انابیل سدرلینڈ، ایلیسے پیری اور سوفی مولینکس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان ویمنز ٹیم ایونٹ میں تاحال فتح حاصل نہیں کر سکی اور اپنا آخری گروپ میچ 27 جون کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔