کوئٹہ(ویب نیوز) پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026 کے میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے متعدد عالمی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔ میچ کے چھٹے منٹ میں گول کر کے وہ ورلڈ کپ کے 6 مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے، جبکہ انہوں نے 2006 سے 2026 تک ہر ایڈیشن میں کم از کم ایک گول کرنے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔ 39ویں منٹ میں کیے گئے دوسرے گول کے ساتھ رونالڈو نے ورلڈ کپ میں پرتگال کے لیے سب سے زیادہ 10 گول کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا اور یوسیبیو کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے ساتھ وہ ورلڈ کپ تاریخ کے دوسرے معمر ترین گول اسکورر بھی بن گئے، جبکہ وہ پرتگال کی جانب سے سب سے کم عمر اور سب سے زیادہ عمر میں گول کرنے والے کھلاڑی کا منفرد ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔
