کوئٹہ (ویب نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے پاکستان میں چین کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں اور امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کی پیشرفت سے آگاہ کیا اور اپنے حالیہ دورہ مصر کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔ ملاقات میں پاکستان کی امن کوششوں کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا گیا جبکہ چینی صدر کی چار نکاتی تجویز اور چین پاکستان پانچ نکاتی اقدام کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تمام تنازعات کے حل کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنے پر زور دیا۔
