کوئٹہ (ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) بلوچستان کے صوبائی صدر نے بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی قیادت کو سنائی جانے والی سزاؤں پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، صبغت اللہ شاہ جی اور دیگر رہنماؤں کو سزائیں دراصل قومی حقوق، انسانی وقار اور انصاف کی جدوجہد کو دبانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ حق اور سچ کی آوازوں کو وقتی طور پر دبایا جا سکتا ہے مگر انہیں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اصغر خان اچکزئی نے مزید کہا کہ جب سیاسی اور سماجی مسائل کا حل مکالمے اور آئینی راستوں کے بجائے طاقت، جبری گمشدگیوں اور سخت اقدامات سے نکالا جائے تو یہ مسائل کے حل کے بجائے ان سے فرار کے مترادف ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی حقوق کی تحریکیں عوامی شعور اور تاریخی محرومیوں سے جنم لیتی ہیں اور انہیں طاقت سے روکا نہیں جا سکتا۔
