کوئٹہ (ویب نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ الزامات سے باعزت بری ہونے والا سرکاری ملازم مکمل تنخواہ اور تمام سابقہ مراعات کا حقدار ہوگا۔ جسٹس محمد علی مظہر کے آٹھ صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا کہ بریت کے بعد ملازم کی غیرحاضری کی مدت کو ڈیوٹی کا عرصہ تصور کیا جائے گا، جبکہ محکمانہ اور فوجداری کارروائیاں الگ نوعیت کی حامل ہیں اور بیک وقت جاری رہ سکتی ہیں۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ ملازمت سے برخاستگی سے قبل ملازم کو مؤقف پیش کرنے کا موقع نہ دینا آئینی خلاف ورزی ہے۔ سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم کو دو ماہ کے اندر بحال ہونے والے استاد کو تمام سابقہ مراعات ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سروس ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر اپیل منظور کرلی۔
