تازہ ترین ۲۰ جون ۲۰۲۶

ویمنز ٹی20 ورلڈکپ: بنگلادیش نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی*م

ساؤتھمپٹن (اسپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے گروپ مرحلے کے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے کر قومی ویمن ٹیم کی ایونٹ میں مسلسل تیسری ناکامی رقم کر دی۔ 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 100 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنرز منیبہ علی اور گل فیروزہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 49 رنز جوڑ کر اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم مڈل آرڈر اس بنیاد کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکا۔ منیبہ علی 25 اور گل فیروزہ 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ عائشہ ظفر نے 11 اور کپتان فاطمہ ثنا نے 10 رنز بنائے۔ بنگلادیش کی جانب سے سنجیدہ اختر اور ناہیدہ اختر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے تھے۔ شورنا اختر نے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ نگار سلطانہ نے 36 اور سبحانہ مستری نے 22 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی طرف سے کپتان فاطمہ ثنا نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعدیہ اقبال، تسمیہ رباب، نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف بھی اپنے میچز ہار چکی ہے۔