پاکستان ۱۹ جون ۲۰۲۶

گوادر کے قریب سمندر میں خام تیل بردار جہاز میں آتشزدگی، پاکستان نیوی نے بروقت قابو پا لیا

گوادر کوئٹہ (ویب نیوز) خلیجی بندرگاہ سے خام تیل لے کر آنے والے بحری جہاز میں گوادر کے قریب کھلے سمندر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بڑا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق واقعہ جمعرات کے روز اُس وقت پیش آیا جب جہاز گوادر سے تقریباً 80 میل کے فاصلے پر تھا۔ اسی دوران جہاز سے ایمرجنسی کال موصول ہونے پر پاکستان نیوی نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا۔پاکستان نیوی کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ حکام کے مطابق آتشزدگی معمولی نوعیت کی تھی اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔