پاکستان ۱۹ جون ۲۰۲۶

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی، پیٹرول 74 اور ڈیزل 67 روپے فی لیٹر سستا

کوئٹہ (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کی گئی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 299 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 311 روپے فی لیٹر مقرر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں عوام نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، جس پر حکومت ان کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے دوران کفایت شعاری، ترقیاتی اخراجات میں بچت اور سبسڈی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا، جبکہ پاکستان میں توانائی کا کوئی بحران پیدا نہیں ہونے دیا گیا۔ وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت، فیلڈ مارشل عاصم منیر، اسحاق ڈار، محسن نقوی اور حکومتی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت آئندہ بھی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔