اسلام آباد(ویب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام آ چکا ہے اور اپوزیشن کو اسے تسلیم کرنا چاہیے۔ قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا ہے، جہاں 50 ہزار سے کم آمدن پر کوئی ٹیکس نہیں اور 50 ہزار سے ایک لاکھ تک صرف ایک فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں معیشت شدید بحران کا شکار تھی، مہنگائی بلند سطح پر تھی اور کاروباری سرگرمیاں متاثر تھیں، تاہم اب معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے اور معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
