پاکستان ۱۴ جون ۲۰۲۶

خیبرپختونخوا میں بارش اور آندھی سے تباہی، 7 افراد جاں بحق، 33 زخمی

پشاور (ویب نیوز) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہو گئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ حادثات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث پیش آئے۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی اور بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے حساس علاقوں کی نگرانی، بروقت وارننگ اور ممکنہ انخلا کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔