کوئٹہ (ویب نیوز): بلوچستان تیکوانڈو ایسوسی ایشن نے صوبے بھر کے تمام اضلاع اور کلبز کے کوچز، صدور اور جنرل سیکریٹریز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے اپنے کلبوں اور اضلاع کے تمام کھلاڑیوں کا مکمل ریکارڈ ایسوسی ایشن کے فراہم کردہ فارم کے مطابق مرتب کرکے فوری طور پر سیکریٹری جنرل صدام اللہ کاکڑ کے پاس جمع کرائیں۔ جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام کا مقصد بلوچستان کے تیکوانڈو کھلاڑیوں کا ایک جامع اور مستند ڈیٹا بیس تیار کرنا ہے جسے بعد ازاں قومی فیڈریشن کو بھی ارسال کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ ہر تین ماہ بعد کلبوں میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑیوں کا ڈیٹا بھی باقاعدگی سے جمع کرایا جائے تاکہ انہیں بروقت ریکارڈ کا حصہ بنایا جا سکے۔ تمام کلبوں اور ضلعی عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 جون 2026ء تک فارم جمع کرانے کے عمل کو ہر صورت مکمل کریں۔
