پاکستان ۱۲ جون ۲۰۲۶

تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز، کم آمدنی طبقے کیلئے ریلیف اقدامات

اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران انہوں نے بتایا کہ کم سے کم ماہانہ تنخواہ میں بھی 10 فیصد اضافے کی تجویز شامل کی گئی ہے تاکہ نچلے طبقے کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔وزیر خزانہ کے مطابق حکومت نے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے لیے 838 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کفالت پروگرام کو توسیع دیتے ہوئے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں تک پہنچایا جائے گا جبکہ تعلیمی وظائف کے دائرہ کار میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جاری اخراجات کے تحت آزاد کشمیر کے لیے 146 ارب روپے اور گلگت بلتستان کے لیے 88 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، تاکہ ان خطوں میں ترقیاتی اور سماجی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔