کوئٹہ (ویب نیوز)وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی اسپورٹس برآمدات 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں اور آئندہ فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان میں تیار کردہ فٹبال استعمال کی جائے گی۔ قومی اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نجی شعبے کے قرضوں میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ زرعی قرض بھی 15 فیصد بڑھا ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق صنعتی شعبے کے لیے بجلی سستی کی گئی ہے اور کراس سبسڈی ختم کر دی گئی ہے، جبکہ تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی طلب کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جون کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور 39 ہزار نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ محمد اورنگزیب کے مطابق مینوفیکچرنگ کے 22 میں سے 16 شعبوں میں بہتری آئی ہے، مالی خسارہ کم ہو کر جی ڈی پی کے 0.7 فیصد تک آ گیا ہے جبکہ ملک میں شرح خواندگی 63 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
