اسلام آباد(صداقت ویب سائٹ)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد پاک افغان سرحدی علاقوں میں مصدقہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کی گئی، جس میں دہشت گردوں کے اہم ٹھکانے، تربیتی مراکز اور کمانڈ نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق موسیٰ درہ میں ایف سی چوکی پر حملے اور شمالی وزیرستان و بنوں میں دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 26 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ 4 اہم مراکز، تربیتی کیمپ، اسلحہ ڈپو اور خفیہ ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ کارروائی میں اہم کمانڈرز اور ماسٹر مائنڈز کے نیٹ ورکس بھی نشانہ بنے اور آپریشن انتہائی مہارت و درستگی کے ساتھ انجام دیا گیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی اور شہریوں کا تحفظ و قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔
