اسلام آباد(صداقت ویب سائٹ)اسلام آباد میں روس کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے روسی صدر اور روسی عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ 2011 میں روس کے اپنے دورے کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں اور دونوں ممالک نے باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کے فروغ کے لیے مسلسل کام کیا ہے۔ ان کے مطابق اعلیٰ حکام کے درمیان باقاعدہ رابطے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کا مظہر ہیں۔صدر زرداری نے بتایا کہ تقریباً 1300 پاکستانی طلبہ روس میں زیرِ تعلیم ہیں اور یہ طلبہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے اقتصادی تعاون کے مزید استحکام کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس عوامی مفاد، عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی اہم شراکت داری کو مزید مضبوط بناتے رہیں گے۔صدر مملکت نے اپنے خطاب کے اختتام پر روسی فیڈریشن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ روس ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کرے۔
