اسلام آباد(ویب نیوز) ذرائع ایوانِ صدر کے مطابق وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 27-2026 کا بجٹ 10 جون کو پیش نہیں کرے گی، جبکہ بجٹ پیش کرنے کی نئی تاریخ کا اعلان وزارتِ خزانہ آج رات کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ مؤخر کرنے کا فیصلہ صدرِ مملکت اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق صوبوں کی جانب سے وفاق کو 1700 ارب روپے فراہم کرنے کے معاملے پر تکنیکی کمیٹیاں فیصلہ کریں گی، جن کی تشکیل آج رات متوقع ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس بھی کل کے بجائے 10 جون کو منعقد ہوگا۔ اس سے قبل وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیے جانے کی تجویز زیر غور ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بجٹ کے متعدد امور تاحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے اور اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
