پاکستان ۷ جون ۲۰۲۶

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کی فائرنگ، 4 سیکیورٹی اہلکار شہید، 20 سے زائد زخمی

مظفرآباد/راولاکوٹ(ویب نیوز) آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 20 سے زائد اہلکار زخمی ہوگئے۔آئی جی آزاد کشمیر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح عناصر نے احتجاج کی آڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا، جو کسی بھی صورت پرامن سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ ایک منظم دہشت گرد کارروائی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شرپسندوں نے صرف سیکیورٹی اہلکاروں کو ہی نہیں بلکہ طبی مرکز کو بھی نشانہ بنایا، جبکہ سی ایم ایچ راولاکوٹ پر حملہ شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہے۔آئی جی آزاد کشمیر کے مطابق ایسے مسلح جتھوں کو خطے کے امن اور شہریوں کی سلامتی کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زخمی اہلکاروں کے علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ریاستی رٹ، امن اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔