تازہ ترین ۷ جون ۲۰۲۶

تیزاب گردی کے واقعے میں لیڈی ڈاکٹر کی جان بچانے والے عبدالرزاق ترکئی کو سول ایوارڈ دیا جائے گا، وزیراعلی سرفراز بگٹی

کوئٹہ(ویب نیوز)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں اعلان کیا ہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں پیش آنے والے تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے کے دوران جرات، بے مثال انسان دوستی اور اعلی فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے ہسپتال کے ملازم عبدالرزاق ترکئی کو ان کی بہادری کے اعتراف میں ریاستِ پاکستان کی جانب سے “سول ایوارڈ” سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرزاق ترکئی نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر متاثرہ لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو فوری مدد فراہم کر کے ان کی جان بچائی۔وزیراعلی بلوچستان نے اپنے بیان میں عبدالرزاق ترکئی کی جرات کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بہادر، مخلص اور باہمت افراد ہمارے معاشرے کا حقیقی اثاثہ اور سرمایہ ہیں، جو مشکل ترین حالات میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر انسانیت کی خدمت کی ایک نئی اور روشن مثال قائم کرتے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان عبدالرزاق ترکئی کے اس جذب ایثار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی اس عظیم قربانی کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا، یہی وجہ ہے کہ انہیں اس جرات مندانہ اقدام پر اعلی حکومتی سطح پر سول ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جا رہا ہے۔