تازہ ترین ۱۷ ستمبر ۲۰۲۶

این سی سی آئی اے کے سوالنامے پر محمد رضوان کا جواب سامنے آگیا

کوئٹہ(ویب نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سوالنامے کے جواب میں کہا ہے کہ انہیں آج تک یہ نہیں بتایا گیا کہ کس آن لائن جوئے کے معاملے سے منسوب کیا جارہا ہے۔ محمد رضوان کے مطابق انہیں 8 ستمبر کو این سی سی آئی اے کا نوٹس ملا، تاہم ان کے خلاف الزام، واقعے اور مبینہ کردار کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کرکٹرز سے متعلق کرپشن کے معاملات کی تحقیقات کے لیے آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ متعلقہ فورم ہے اور اگر معاملہ کرپشن سے متعلق ہے تو اسے اسی یونٹ کو بھیجا جانا چاہیے۔ این سی سی آئی اے کے پانچ صفحات پر مشتمل سوالنامے میں رضوان سے ذاتی معلومات، گزشتہ 10 سال کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، پانچ سال کی آمدن، اخراجات، جائیداد، بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ کارڈز، قرضوں اور ملکی و غیر ملکی سفری تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ نے محمد رضوان کی این سی سی آئی اے نوٹس کے خلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کردی ہے۔