تازہ ترین ۳ جون ۲۰۲۶

بلوچستان میں پیٹرول بحران سنگین، ایرانی پیٹرول 500 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا

کوئٹہ:)صداقت ویب نیوز( بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیٹرول کا بحران شدید ہوگیا ہے جس کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ کوئٹہ سمیت متعدد شہروں میں سرکاری پیٹرول پمپس پر ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ متبادل کے طور پر استعمال ہونے والا ایرانی پیٹرول بھی نایاب ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عید سے قبل کوئٹہ میں ایرانی پیٹرول 380 روپے فی لیٹر تھا جو بڑھ کر 430 روپے اور بعض علاقوں میں 500 روپے فی لیٹر سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے زائد قیمتوں اور غیر قانونی فروخت کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں چھاپے اور گرفتاریوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ ماہرین کے مطابق سرحدی راستوں کی بندش اور سپلائی میں کمی کے باعث بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے جس سے شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔