کوئٹہ:)صداقت ویب نیوز( ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا ہے کہ ایرانی پیٹرول کی سپلائی میں حالیہ رکاوٹ کے باوجود کوئٹہ شہر میں پیٹرول کی کسی قسم کی قلت نہیں اور تمام رجسٹرڈ پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور شہریوں کو بلا تعطل پیٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی پیٹرول کی غیر رسمی سپلائی متاثر ہونے کے بعد بعض پمپس پر رش بڑھا، تاہم انتظامیہ نے فوری اقدامات کرتے ہوئے سپلائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا۔ مہراللہ بادینی کے مطابق کوئٹہ میں اس وقت 60 رجسٹرڈ پیٹرول پمپس فعال ہیں، گزشتہ روز 4 لاکھ لیٹر جبکہ آج 6 لاکھ لیٹر سے زائد پیٹرول مختلف پمپس کو فراہم کیا جا رہا ہے، اور ضرورت کے مطابق مزید سپلائی بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ طلب اور رسد میں توازن برقرار رہے۔
