ہرنائی:)صداقت ویب نیوز( شاہرگ میں پانچ افراد کے بہیمانہ قتل کے خلاف ضلع ہرنائی میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی، جس کے باعث ہرنائی، شاہرگ، خوست اور دیگر علاقوں میں تمام بازار، تجارتی مراکز اور کاروباری ادارے بند رہے۔ ہڑتال کی کال سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات، تاجر برادری اور مقتولین کے لواحقین کی جانب سے دی گئی تھی۔ مظاہرین اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملزمان کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی میں مزید تاخیر ہوئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔ ہڑتال کے دوران سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات رہی جبکہ مجموعی صورتحال پرامن رہی۔
