کوئٹہ (صداقت ویب نیوز): پشتون ملت پال سیاسی و جمہوری جماعتوں کے ایک ہنگامی اجلاس میں ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں سیاسی کارکنوں اور شہریوں کی ہلاکتوں، ضلع زیارت کے کلی مانگی سے چار افراد کے اغوا، قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور صوبے میں بڑھتی ہوئی بدامنی، دہشت گردی اور لاقانونیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں منعقد ہوا جبکہ اصغر خان اچکزئی، احمد جان خان اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکا نے اغوا شدگان کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے شاہرگ کے عوام کی جمہوری جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم بڑھتی ہوئی بدامنی حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کی تمام سیاسی و جمہوری جماعتوں کا ایک وسیع آل پارٹیز اجلاس جلد طلب کیا جائے گا تاکہ امن و امان کی بحالی اور عوامی تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔
