تازہ ترین ۱ جون ۲۰۲۶

ٹرمپ: ایران کے جنگ بندی پیغامات معطل کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا

کوئٹہ (صداقت ویب نیوز): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق پیغامات کے تبادلے کو معطل کرنے کے فیصلے سے امریکا کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے تاحال امریکا کو باضابطہ طور پر اس فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ امریکا دوبارہ ایران کے خلاف وسیع فوجی کارروائیاں شروع کر دے گا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا خاموشی اختیار کرتے ہوئے ایران کی بحری ناکہ بندی جاری رکھے گا اور اس وقت کا انتظار کرے گا جب ایران امریکی شرائط کے مطابق معاہدے کیلئے تیار ہوگا۔ دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی اقدامات، مؤقف میں تبدیلی اور اعتماد کے فقدان کے باعث سفارتی عمل میں تاخیر ہو رہی ہے، جبکہ ایران اپنی قومی سلامتی کے دفاع کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔