کوئٹہ (صداقت ویب نیوز): ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو نئی اور سخت تجاویز بھیجے جانے کے بعد ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ کسی بھی معاہدے کو اس وقت تک قبول نہیں کرے گا جب تک اس کے ٹھوس، عملی اور قابلِ تصدیق نتائج سامنے نہ آئیں۔ محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کو امریکا کے وعدوں پر اعتماد نہیں اور ایرانی عوام کے حقوق کا تحفظ ہر ممکن معاہدے کی بنیادی شرط ہے۔ دوسری جانب ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران معاہدے کے قریب ہیں، تاہم اگر مناسب معاہدہ نہ ہوا تو فوجی آپشن بھی موجود ہے۔ اسی دوران ایران نے اپنی دفاعی تیاریوں کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کسی بھی نئی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ سخت دیا جائے گا، جبکہ ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہازرانی اور سکیورٹی پر مکمل نگرانی برقرار ہے۔
