تازہ ترین ۱ جون ۲۰۲۶

انا للّٰہ وانا الیہ راجعون ۔

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
انا للّٰہ وانا الیہ راجعون ۔

پرنٹ میڈیا کی تجہیز و تدفین
نہایت افسوس اور گہرے رنج کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہپرنٹ میڈیا سیاسی و معاشی دباؤ، اشتہارات کی کمی، بدلتے ابلاغی رجحانات اور مسلسل بے اعتنائی کے باعث داعیٔ اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔تمام متعلقین، صحافی برادری، مدیران، کالم نگاروں، اخبار فروشوں، قارئین اور اہلِ قلم سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے وضو فرما لیں۔

نمازِ جنازہ: بعد از اطلاع
مقام: خاموش ہوتی پریس مشینوں کے سائے تلے

مرحوم کے جسدِ خاکی کو ایک خوبصورت تابوت میں رکھ کر “آخری اشاعت” کے ہمراہ سپردِ خاک کرنے کے اعلیٰ سطحی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ بعد ازاں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں مرحوم کی صحافتی خدمات، حق گوئی، فکری رہنمائی اور عوامی شعور کے فروغ کے لیے انجام دی گئی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔مزید برآں، ان خدمات کو فراموش کرنے اور اجتماعی یادداشت سے نذرِ آتش کرنے کے غیر اعلانیہ انتظامات بھی مکمل بتائے جاتے ہیں۔

دعائے مغفرت
اے اہلِ قلم! اگر ممکن ہو تو پرنٹ میڈیا کے اعلیٰ درجات اور اس کے احیاء کے لیے ایک دعا ضرور فرمائیے۔
ممنون و مشکور