تازہ ترین ۱ جون ۲۰۲۶

بلوچ پشتون دو جسم ایک جان ہیں، نفرت انگیز سیاست سے الگ نہیں کیا جا سکتا، ترجمان بی اے پی

کوئٹہ (روزنامہ صداقت)بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ترجمان نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ اور پشتون دو جسم ایک جان کی مانند ہیں، جنہیں نفرت انگیز سیاست یا مفاد پرستانہ بیانیوں کے ذریعے ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ترجمان بی اے پی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ محمود خان اچکزئی جب بھی صوبے میں اپنی سیاست کو کمزور محسوس کرتے ہیں تو بلوچ اور پشتون جیسی برادر اقوام کے درمیان اختلافات، شکوک و شبہات اور تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات صوبے میں سیاسی ہم آہنگی اور سماجی استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچ اور پشتون اقوام صدیوں سے اس خطے میں بھائی چارے، اخوت اور باہمی احترام کے ساتھ آباد ہیں اور ان کے درمیان تاریخی تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، اس لیے نفرت اور تفریق پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ صوبے میں نفرت انگیز سیاست کو فروغ دینا افسوسناک عمل ہے اور عوام اب ایسے بیانیوں کو بخوبی سمجھ چکے ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی صوبے میں بلوچ اور پشتون اقوام کے درمیان اتحاد، یگانگت اور پائیدار بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔