(روزنامہ صداقت) میانمار کے ایک باغیوں کے زیر قبضہ گاؤں میں ہونے والے شدید دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 55 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 25 خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق دھماکا ایسے علاقے میں پیش آیا جو باغیوں کے کنٹرول میں ہے، تاہم اس کی نوعیت اور اسباب تاحال واضح نہیں ہوسکے۔ امدادی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد مقامی سطح پر ریسکیو سرگرمیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کیا جا رہا ہے۔
میانمار کے نئے دارالحکومت نیپیداو سے موصول اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ حکام اور متعلقہ حلقے دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
