تازہ ترین ۳۱ مئی ۲۰۲۶

پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار میچز کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا

کوئٹہ (صداقت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم اور یادگار سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے ایک ہزار میچ مکمل کر لیے ہیں اور یوں وہ دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جس نے ون ڈے فارمیٹ میں ایک ہزار میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان سے قبل بھارت اور آسٹریلیا یہ اعزاز اپنے نام کر چکی ہیں۔ راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے قومی ٹیم کا ایک ہزارواں میچ قرار پایا۔ پاکستان نے اپنے گزشتہ 999 ون ڈے میچز میں 527 کامیابیاں حاصل کیں جبکہ 442 مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 9 میچ برابر رہے اور 12 میچ بے نتیجہ ختم ہوئے۔ دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ پاکستان کی ٹیم اب تک ون ڈے کرکٹ میں 400 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کر سکی جبکہ قومی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ 399 رنز اور کم ترین اسکور 43 رنز ریکارڈ کیا گیا ہے۔