نيويارک(صداقت نيوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق مجوزہ معاہدے کا مسودہ اسرائیل اور دیگر اتحادی ممالک کے ساتھ شیئر کردیا ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق مجوزہ معاہدے کی تفصیلات گزشتہ کئی روز سے میڈیا میں گردش کرنے والی اطلاعات سے مماثلت رکھتی ہیں، جس کے تحت آبنائے ہرمز کو کھلا رکھا جائے گا اور امریکا کی جانب سے عائد ناکہ بندی ختم کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے منجمد اثاثوں میں سے 12 ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے جبکہ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق اہم فیصلہ آئندہ 60 روز کے اندر متوقع ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار انتہائی چالاک اور ماہر ہیں تاہم مضبوط پتے امریکا کے ہاتھ میں ہیں اور ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کیا جائے گا جو امریکی مفادات کے خلاف ہو۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور مذاکراتی عمل کو قریب سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
