پشین(نمائندہ صداقت)قلات کے قریب پیش آنے والے ایک المناک ٹریفک حادثے میں ضلع پشین کے علاقے کلی ملک کٹا یارو سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا خاندان کراچی سے عیدالاضحیٰ منانے کے لیے اپنے آبائی علاقے پشین آرہا تھا کہ راستے میں قلات کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایوب خان، ان کی اہلیہ، بیٹا امجد خان، ان کی اہلیہ اور ڈرائیور سمیت مجموعی طور پر چھ افراد شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں کلی ملک کٹا یارو پہنچا دی گئی ہیں، جہاں فضا سوگوار ہے اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد لواحقین سے تعزیت کے لیے پہنچ رہی ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحومین کی تدفین آج صبح آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔حادثے کی مزید تفصیلات اور اسباب کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
