کوئٹہ (صداقت نیوز)غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق خلیج میں کشیدگی اور ایران پر مبینہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد آبنائے ہرمز میں تیل و گیس بردار جہازوں کی آمد و رفت محدود ہوگئی ہے، تاہم قطر سے مائع قدرتی گیس لے جانے والے دو جہاز پاکستان اور چین کی جانب روانہ ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گیس بردار جہاز “فویریت” قطر انرجی کی راس لفان بندرگاہ سے روانہ ہوا اور اس کے جلد پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ دوسرا جہاز “الریان” چین کی جانب گامزن ہے۔ رائٹرز نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایک بڑا آئل ٹینکر محدود بحری راستے کے باوجود خلیج سے نکل کر چین کی بندرگاہ ننگبو کی طرف جا رہا ہے، جہاں لاکھوں بیرل خام تیل اتارے جانے کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلے کے مقابلے میں اس آبی راستے سے جہازوں کی آمد و رفت نمایاں طور پر کم ہو گئی ہے، جبکہ اب بھی متعدد جہاز خطے میں متاثرہ صورتحال کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔
