تازہ ترین ۲۵ مئی ۲۰۲۶

قلعہ عبداللہ میں انجینئر زمرک اچکزئی اور داد محمد کاکڑ کے اختلافات ختم، صلح و اتفاق پر اتفاق

قلعہ عبداللہ(صداقت نیوز) الحمدللہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک اچکزئی اور معروف قبائلی شخصیت داد محمد کاکڑ کے فریقین کے درمیان جاری تمام اختلافات خوش اسلوبی کے ساتھ ختم ہوگئے۔ دونوں فریقین کے درمیان صلح و مصالحت کی اہم پیش رفت ڈی سی آفس جنگل پیرعلیزئی میں عمل میں آئی، جہاں علاقے کے معتبرین، عمائدین اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ یہ اہم تصفیہ ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی، نوجوان سماجی و سیاسی رہنما سردار خلیل خان اچکزئی اور مرکزی جامع مسجد قلعہ عبداللہ کے خطیب مولانا عبیداللہ اخونزادہ کی مسلسل محنت، مثبت کردار اور سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوا، جنہوں نے دونوں فریقین کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے اور بھائی چارے کی فضا بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں شریک معتبرین اور سیاسی شخصیات نے اس مصالحت کو علاقے کے امن و استحکام کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اختلافات کا خاتمہ سیاسی ماحول میں مثبت پیش رفت اور عوام میں اتحاد و بھائی چارے کے فروغ کا سبب بنے گا۔ دونوں رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر علاقے کے امن، ترقی، خوشحالی اور عوامی مفاد کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔