کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )پاکستان سمیت 14 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں نام نہاد صومالی لینڈ کے سفارتخانے کے افتتاح کی شدید مذمت کی ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں پاکستان، مصر، سعودی عرب، قطر، اردن، لبنان، ترکیہ، انڈونیشیا، جبوتی، صومالیہ، فلسطین، عمان، سوڈان اور یمن شامل ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں نام نہاد صومالی لینڈ کا سفارتخانہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔مزید کہا گیا کہ مشرقی بیت المقدس 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقہ ہے اور اس کی قانونی و تاریخی حیثیت بدلنے کی تمام یکطرفہ کوششیں غیر قانونی اور ناقابلِ قبول ہیں۔مشترکہ بیان میں تمام رکن ممالک نے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ صومالیہ کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
