تازہ ترین ۲۴ مئی ۲۰۲۶

ایران افزودہ یورینیم ترک کرنے پر آمادہ، آبنائے ہرمز کھولنے پر بھی اتفاق: دعویٰ

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران افزودہ یورینیم ترک کرنے پر آمادہ ہوگیا ہے، جو اس معاہدے کا ایک مرکزی اور حساس نکتہ تھا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز کھولنے پر بھی اتفاق کیا ہے، جبکہ تمام محاذوں پر جنگ بندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے ٹرانزٹ فیس نہیں لی جائے گی اور ایران کے 25 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں گے۔دوسری جانب ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران نے جوہری پروگرام سے متعلق کسی بھی اقدام کی باضابطہ منظوری نہیں دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جوہری مذاکرات کے لیے 60 دن اور آبنائے ہرمز سے متعلق اقدامات کے لیے 30 دن کی مدت مقرر کی جا سکتی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ ممکنہ مفاہمتی مسودے میں ایران پر پابندیاں نرم یا ختم کرنے، منجمد اثاثوں کی اقساط کی ادائیگی، اور فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر دوبارہ حملہ نہ کرنے کی شرائط بھی شامل ہو سکتی ہیں۔