تازہ ترین ۲۴ مئی ۲۰۲۶

عیدالاضحی کے چوتھے اور پانچویں روز برشور اور ضلع شیرانی میں عظیم الشان جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا، پشتونخوا این اے پی

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے زیرِ اہتمام عیدالاضحی کے چوتھے روز، 30 مئی بروز ہفتہ، برشور میں ایک عظیم الشان جلس عام جبکہ عید کے پانچویں روز، 31 مئی بروز اتوار، ضلع شیرانی میں ضلعی کانفرنس منعقد ہوگی۔ ان دونوں اہم سیاسی پروگراموں اور جلسوں سے پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ سمیت پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کریں گے اور مختلف سیاسی، قومی، خطے کی صورتحال اور عوامی امور پر تفصیلی اظہارِ خیال کریں گے۔ پریس ریلیز میں عوام، بالخصوص ضلع پشین، برشور اور ضلع شیرانی کے کارکنوں، نوجوانوں اور باشعور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان پروگراموں میں بھرپور شرکت کرکے پارٹی کے قومی، جمہوری اور سیاسی پیغام کو مزید تقویت دیں۔اسی سلسلے میں ضلع شیرانی کا ایک اہم تنظیمی اجلاس پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین و سابق سینیٹر رضا محمد رضا کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں عید کے پانچویں روز، 31 مئی کو منعقد ہونے والی ضلعی کانفرنس کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کانفرنس کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کے لیے مختلف تنظیمی و انتظامی امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کانفرنس کے انتظامات کو مثر اور منظم بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جو اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گی۔ بیان کے مطابق، ضلعی کانفرنس کے بند اجلاس کے بعد ایک عظیم الشان کھلا جلس عام منعقد ہوگا جس سے مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے، جبکہ اس موقع پر نومنتخب ضلعی ایگزیکٹو سے حلف بھی لیا جائے گا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی نائب صدر عبدالقیوم ایڈووکیٹ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز نازک شیرانی، نیک خروٹی اور دیگر ذمہ دار ساتھیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔