زیارت: (صداقت انٹرنیشنل) مانگی ڈیم کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او مسعود پانیزئی ولد حاجی غفار سمیت ان کے دو رشتہ داروں اشرف پانیزئی ولد رحیم گل اور جاوید پانیزئی ولد رحیم داد کو اغواء کر لیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلح افراد نے انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے جا کر نامعلوم مقام کی طرف منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اغواء سے قبل علاقے میں ٹرکوں کو جلانے کا واقعہ بھی پیش آیا، جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقامی افراد میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔دوسری جانب پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری مزمل کاکڑ کے کزنز کی اغواء کی خبر پر تنظیم نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس طرح بے گناہ شہریوں کو اسلحے کے زور پر اغواء کرنا ناقابلِ برداشت ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مغویان مسعود خان پانیزئی، اشرف خان پانیزئی اور جاوید خان پانیزئی کو فوری اور بحفاظت بازیاب کیا جائے۔ تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر مغویان کی فوری بازیابی ممکن نہ بنائی گئی تو عوامی ردعمل کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
