کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
مظاہرے سے صوبائی امیر سینیٹر حضرت مولانا عبد الواسع، صوبائی نائب امیر اور جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد الرحمن رفیق سمیت دیگر صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک باوقار سیاست کا نام ہیں، ان کو دبانے اور ان کے حقیقی بیانیے کا مثبت جواب دینے کے بجائے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آنا حکومت کی انتہائی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔ حکمرانوں اور مقتدرہ کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جمعیت علماء اسلام اور کروڑوں مسلمانوں کے قائد اور ہماری ریڈ لائن ہیں۔ ان کے خلاف مصنوعی درباریوں اور خودساختہ سرکاری اہلکاروں کو سوشل میڈیا پر لا کر غلیظ اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مولانا فضل الرحمان ہمارے قائد ہیں، ان کی حفاظت کرنا ہم خوب جانتے ہیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ اس خطے میں جمعیت علماء اسلام کے کارکن کئی بار ایسے حالات کا سامنا کر چکے ہیں، لیکن ڈرون کے ذریعے چادر اور چار دیواری کی پامالی کرنا احمقانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔
مظاہرین نے قائد جمعیت کے حق میں پرجوش نعرے لگائے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ یہ احتجاجی مظاہرہ کوئٹہ شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا جلسہ عام میں تبدیل ہو گیا۔
جلسے کے اختتام پر قرارداد کے ذریعے مولانا فضل الرحمان کی خودساختہ کردار کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور قائد جمعیت کے بیانیے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔
