تازہ ترین ۲۲ مئی ۲۰۲۶

نیپا وفد کا یو این ڈی پی کوئٹہ دفتر کا دورہ، بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ

کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کے 46ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس بلوچستان کے شرکاء پر مشتمل وفد نے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی ادارے UNDP کے کوئٹہ دفتر کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں وفد کو بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پائیدار ترقیاتی اہداف اور مختلف اقوامِ متحدہ کے اداروں کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کی قیادت محمد اسلم غنی، سید عثمان اور سید امیر شاہ نے کی جبکہ ذوالفقار درانی نے شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے بتایا کہ UNDP، UNFPA اور دیگر عالمی ادارے حکومتِ پاکستان اور حکومتِ بلوچستان کے اشتراک سے صحت، تعلیم، خواتین کے حقوق، صاف پانی، ماحولیات، شمسی توانائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے تاہم مختلف اضلاع میں پائیدار ترقی، غربت کے خاتمے اور انسانی فلاح و بہبود کے منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔ بریفنگ میں موسمیاتی تبدیلی، خشک سالی، پانی کی قلت اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی گئی جبکہ مختلف اقوامِ متحدہ کے ذیلی اداروں کے نمائندوں نے بھی اپنے جاری پروگراموں سے آگاہ کیا۔ اختتام پر نیپا وفد کی جانب سے ذوالفقار درانی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔